جے پور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19-نومبر2007)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل حاصل ہونے والی فتح سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ یہ جیت ون ڈے سیریزکا نتیجہ تبدیل نہ کرسکی لیکن ٹیسٹ میچز سے قبل اس کامیابی نے ہمیں بہت حوصلہ دیا ہے۔ میچ کے بعد سوائے مان سنگھ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے جن نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا وہ توقعات پر پورا اترے۔ اہم سیریز سے قبل یہ جیت اہم ہے جس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔ ہم پہلی بار پانچ بولروں کے ساتھ کھیل رہے تھے، ہمارے پاس چھٹا بولر نہ تھا۔ اس جیت سے اعتماد میں اضافہ ہواہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ سرفراز احمد کی صورت میں ہمیں ایک اچھا وکٹ کیپر ملاہے۔ مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ اس اننگز سے میری فارم بھی لوٹ آئی ہے ۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ یوسف کے ساتھ میری شراکت تھی۔ وہ عظیم کھلاڑی ہیں ہمیں ان کی کارکردگی پر فخر ہے۔ مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ پاکستان اچھا کھیلا ۔ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد ہم سنبھل نہ سکے۔ پاکستان کی طرح ہم نے بھی نوجوانوں کو چانس دیا، یہ تجربہ ان کے کام آئے گا۔