جے پور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک19-نومبر2007)پاکستانی آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کے خلاف سیریز میں ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی یہی وجہ ہے کہ انہیں ٹیم سے ڈراپ ہونے کا خمیازہ بھگتنا پڑا ۔ جنگ کو خصوصی انٹر ویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں میر ی کارکردگی اچھی نہ تھی یہی وجہ ہے کہ مجھے ڈراپ کیا گیا ۔ میں اپنی خراب کارکردگی کا اعتراف کرتا ہوں ۔ قومی ٹیم کی جانب سے آخری ون ڈے میں ڈراپ ہونے کے بعد شاہد آفریدی کو اپنا 250 واں ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا ۔ بھارت کے خلاف چار میچوں میں 73 رنز بنائے تھے ۔ شاہد آفریدی ، افتخار انجم ، فواد عالم اور عمران نذیر کے ساتھ وطن لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم سے خراب کارکردگی کی وجہ سے ڈراپ ہونے کے بعد اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے کے لیے حبیب بینک کی جانب سے پیٹرنز ٹرافی میں حصہ لوں گا ۔ انہوں نے کہا کسی بھی کھلاڑی کے لیے کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے کے لیے قومی سیزن کھیلنے سے بہتر کوئی آپشن نہیں ہے ۔ میں قومی سیزن میں جاکر اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے کی کوشش کروں گا ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ میں اپنے پرستاروں کو یقین دلاتاہوں کہ پاکستان ٹیم میں واپس آنے کے لیے ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھاؤں گا ۔