لاہور(سپورٹس رپورٹر) چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے واضح کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان کی تقرری کا اختیار چیئرمین پی سی بی کے پاس ہے، وہ اس معاملے میں دخل اندازی کے مجاز نہیں ہیں پاکستان کرکٹ کا مستقبل تابناک ہے، باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں پر انحصار کر کے ملک کے لئے کامیابیاں سمیٹی جا سکتی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن خان نے کہاکہ بلاشبہ تمام کھلاڑی ٹیلنٹیڈ ہیں تجربے کی کمی کے باعث ان میں کچھ خامیاں ہیں جنہیں اس پروگرام میں دور کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں بلے بازوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے پر خصوصی کام کیا جا رہا ہے کیونکہ صورتحال کے مطابق وہ طویل اننگز کھیل کر ہی پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔ چیف سلیکٹر نے کہاکہ قومی ٹیم کے کپتان کی تقرری کا اختیار چیئرمین پی سی بی کے پاس ہے، وہ اس معاملے میں دخل اندازی کے مجاز نہیں ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل' اظہر علی اور اسد شفیق میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، لیکن انہیں مزید تجربے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کھیلنے والے کرکٹرز میں صرف ذہنی پختگی کا فرق ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی ہی پاکستان کا مستقبل ہیں، جنہیں جسمانی اور تکنیکی کے ساتھ ذہنی طور پر بھی مضبوط کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ ۔