ہوبارٹ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک21-نومبر2007 آسٹریلیا نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھی سری لنکا کو 96رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ کر لیا یہ آسٹریلیا کی ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 14 ويں کامیابی ہے۔ سنگا کارا کی 192رنز کی شاندار اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی اور سری لنکا کی ٹیم ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 410 رنز بنانے کے باوجود فتح اپنے نام کرنے میں ناکام رہی۔ بریٹ لی نے پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھ وکٹیں حاصل کیں اورانہیں سیریز اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میچ کے پانچویں روز کھیل شروع ہوا تو سری لنکا کو جیت کیلئے مزید260رنز اور آسٹریلیا کو 7وکٹیں درکار تھیں اور سنگا کارا 109اور جے سوریا 33رنز پر کھیل رہے تھے۔ جے سوریا 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، چمارا سلوا اور پرسانا جے وردھنے کوئی رنز بنا سکے ، معروف چار رنز بنا کر میکگل کا شکار بنے، فرنینڈو صرف دو رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔ کمارا سنگاکارا ني282گیندوں پر 27چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 192رنز بنائے۔ مرلی دھرن 15رنز بنا کر کلین بولڈ ہوئے جبکہ لیستھ ملینگا 42رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔