ہوبارٹ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک21-نومبر2007)سابق سری لنکن کپتان اور اسٹائلش بیٹسمین مرون اتاپتو نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔36 سالہ اوپنر نے آسٹریلیا کے خلاف ہوبارٹ ٹیسٹ کے پانچویں دن کھانے کے وقفے سے قبل سری لنکا کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو دلیپ مینڈس کے نام ایک کھلے خط کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا ۔ اتاپتو انگلینڈ کیخلاف اپنی سرزمین پر ہونے والے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل کرکٹ سیریز میں حصہ نہیں لیں گے ۔ اتاپتو کافی عرصہ سے اندرونی سیاست کا شکار اور ٹیم سے باہر تھے تاہم وزیر کھیل کے کہنے پر انہیں آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے سری لنکن اسکواڈ میں شامل کیا گیا ، انہوں نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں51 اور ہوبارٹ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں80 رنز بناکر نہ صرف اپنی فارم اور فٹنس ثابت کی بلکہ مخالفین کے منہ بھی بند کردیے ۔ انہوں نے90 ٹیسٹ پر مشتمل کیریئر میں38.73 کی اوسط سے5422 رنز بنائے ۔ اتاپتو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد آسٹریلیا کیریئر جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں برسبین ٹیسٹ کے دوران سری لنکن سلیکٹرزکے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے کی پاداش میں اتاپتو کو سری لنکا واپسی پر ایک سماعت کا سامنا کرنا تھا ۔ اتاپتو نے اپنے سابق قومی کپتانوں کی معاونت کی تعریف کی اور کپتان کی حیثیت سے اپنے کھلاڑیوں کے تعاون کو سراہا ۔ اتاپتونے خط میں لکھا ہے کہ وہ اپنے انٹرنیشنل کیرےئرکے اختتام پر اچھے اوربرے وقت میں سری لنکا اور بیرون ملک کرکٹ کے چاہنے والوں کے تعاون کا شکریہ اداکرتے ہیں ۔سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان ماہیلا جے وردھنے نے مرون اتاپتو کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔