اوول: بھارتی ٹیم ایک دفعہ پھر شکست کے دھانے پر، انگلینڈ کیخلاف چوتھے ٹیسٹ میں فالوآن کے بعد دوسری اننگزمیں تین وکٹوں پر ایک سوانتیس رنزبنالئے۔ انگلینڈ کوسیریزمیں کلین سوئپ کیلئے سات وکٹیں جبکہ بھارت کواننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید ایک سوباسٹھ رنزدرکار ہیں۔ اوول میں جاری میچ کے چوتھے روز بھارت نے پہلی نامکمل اننگزایک سوتین رنزپانچ کھلاڑی آؤٹ پردوبارہ شروع کی تواسے فالو آن سے بچنے کیلئے مزید دو سو اٹھاسی رنزدرکارتھے۔ کپتان مہیندر سنگھ دھونی اسکورمیں تیس رنزکے اضافے کے بعد سترہ کے انفرادی اسکورپرپویلین لوٹ گئے۔ دیوارکے نام سے مشہور ڈریوڈ دوسرے اینڈ پر انگلش بالرزکے سامنے ڈٹے رہے۔ انہوں نے امیت مشرا کے ساتھ ساتویں وکٹ کیلئے ستاسی رنزکی شراکت قائم کی۔ مشرا تینتالیس رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔ گوتم گمبھیر دس اورآرپی سنگھ نے پچیس رنزاسکورکئے۔ ڈریوڈ نے بیٹ کیری کرتے ہوئے ایک سوچھیالیس رنزکی اننگزکھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کوفالوآن سے نہ بچاسکے۔ بھارتی ٹیم پہلی اننگزمیں تین سورنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ بریسنن اورگریم سوان تین تین وکٹیں لے اڑے۔ فالوآن کے بعد بھارت نے دوسری اننگز کا آغاز کیا توانگلش بالرزنے اننچاس کے مجموعی اسکورپر ڈریوڈ کو پویلین بھیج دیا۔ وریندرسہواگ تینتیس اور لکشمن چوبیس رنزبناسکے۔ بھارت کو اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید ایک سوباسٹھ رنزدرکارہیں۔ چوتھے روز کھیل کے اختتام پر ٹنڈولکر پینتیس اورامیت مشرا آٹھ رنز کے ساتھ وکٹ پرموجود تھے۔