بلاوائیو(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ون ڈے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5رنز سے ہراکرتین میچوں کی سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کرلی یونس خان نے 78رنز کی شاندار اننگز کھیلی مصباح الحق 54 اور عمر اکمل 36رنز کے ساتھ نمایاں رہے اعزاز چیمہ نے تین زمبابوین بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا زمبابوے کی طرف سے بی آر ایم ٹیلر نے 84اور سباندہ نے 73رنز بنا کر ٹیم کو ہدف کی جانب بڑھنے میں مدد دی یونس خان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔جمعرات کو کوئنز سپورٹس کلب بلاوایو میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ابتداء ہی میں عمران فرحت بغیر کوئی رن بنائے ایک کے مجموعی سکورپر ایمپوفو کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے ٹائبو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے محمد حفیظ اور یونس خان نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 73رنز کا اضافہ کر کے مجموعی سکورپر 74تک پہنچا دیا اس موقع پر محمد حفیظ اٹسیا کی گیند پر سباندہ کے ہاتھوں 26رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔یونس خان نے9چوکوں کی مدد سے 78رنز کی شاندار اننگز کھیلی وہ 126کے مجموعی سکورپررن آؤٹ ہو ئے ۔طویل عرصہ بعد ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک صرف 2رنز کی مختصر اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے وکٹ کی دوسری جانب موجود کپتان مصباح الحق کو ففٹی مکمل کر نے کے بعد پرائس نے 54رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اس وقت ٹیم کا مجموعہ40ویں اوور میں 189ہو چکا تھا ۔209کے مجموعی سکورپر عمر اکمل 36رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے وکٹ کیپر عدنان اکمل نے ٹیم کے مجموعے میں 27رنز کا حصہ ڈالا ۔انہیں 245کے مجموعی سکورپر پرائس کی گیند پر ایمپوفونے کیچ آؤٹ کیا ۔سہیل تنویر 17اور سعید اجمل ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور مقررہ 50اوورز میں پاکستان ٹیم نے سات وکٹوں کے نقصان پر 247رنز بنا کر میزبان ٹیم کو 248رنز کا ہدف دیا ۔زمبابوے کی طرف سے ایمپوفو اور پرائس نے دو دو جبکہ اٹسیا اور چمگبورا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔زمبابوے کو بھی اننگز کے آغاز میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور چیبھاوا صرف ایک رن بنا کر پانچ کے مجموعی سکورپر سہیل تنویر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے باعث زمبابوین بلے بازوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 50کا مجموعہ عبور کیا ۔53کے مجموعی سکورپر مساکادزا کو محمد حفیظ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا وہ 15رنز بنا سکے ۔وکٹ کے دوسری جانب موجود سباندہ عمدگی سے بیٹنگ کرتے رہے انہیں 73رنزپر اعزاز چیمہ نے اپنی گیند پر کیچ آؤٹ کیا تو زمبابوے کا مجموعہ 114تھا ۔وکٹ کیپر ٹائیبو آؤٹ ہونے والے چوتھے زمبابوین بلے باز تھے وہ 26رنزبنا کر174کے مجموعی سکورپر اعزاز چیمہ کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔44ویں اوور کی دوسری گیند پر والر 10رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اس مرحلہ پر زمبابوے کو 6.4اوورز میں پانچ وکٹوں پر 52رنز کی ضرور ت تھی تاہم233کے مجموعہ پرٹیلر 84رنز بنا کراعزاز چیمہ کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے تو پاکستانی ٹیم ایک بار پھر کھیل میں واپس آ گئی ۔عمر اکمل کی تھرو پر عدنان اکمل نے چگمبورا کو رن آؤٹ کر کے پویلین واپس بھجوادیا وہ 24رنز بنا سکے ۔وکٹ پر موجود ٹیل ا ینڈرز لیمب او ر اٹسیا پاکستانی باؤلرز کو مات نہ دے سکے اور مقررہ 50اوورز میں 242رنز بنا کر ہمت ہار گئے اس طرح پاکستان نے پہلا ایک روزہ میچ پانچ رنز سے جیت لیا ۔ پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ نے تین جبکہ سہیل تنویرسعید اجمل اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔یونس خان کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔