نئی دلی(سپورٹس ڈیسک) دورہ انگلینڈ میں ناکامی اورانجریزکے سوائے بھارتی ٹیم کے ہاتھ کچھ نہ آیا۔ عالمی چیمپئن ٹیم انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد خالی ہاتھ وطن واپس لوٹ آئی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم لندن سے نئی دلی پہنچی توائرپورٹ پربڑی تعداد میں میڈیا موجود تھا۔ بھارتی کھلاڑیوں کے چہروں پرناکامی عیاں تھی اوروہ میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی اپنے اپنے گھروں کوروانہ ہوگئے۔بھارتی کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ مکمل کرنے کے بعد خالی ہاتھ وطن واپس پہنچ گئی۔ دورہ انگلینڈ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بھارتی کرکٹ حکام تو دور ان کے اہلخانہ بھی استقبال کے لئے ایئر پورٹ نہیں آئے۔ دورہ انگلینڈ بھارتی ٹیم کے لئے ایک بھیانک خواب ہے ۔ بھارتی ٹیم دورہ انگلینڈ میں میزبان ٹیم کیخلاف ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ انگلینڈ نے بھارت کوٹیسٹ سیریزمیں چار صفر اور ون ڈے سیریزمیں تین صفرسے وائٹ واش کیا جبکہ میزبان ٹیم نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی کامیابی حاصل کی۔انگلش ٹیم بھارت سے فتح کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے اور ون ڈے کرکٹ میں چوتھے نمبر پر آگئی۔ انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارتی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پانچویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ دورہ انگلینڈ میں سچن ٹنڈولکراوروریندرسہواگ سمیت بھارتی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی انجریزکا شکارہوئے۔ دورے میں صرف راہول ڈریوڈ ہی ایسے کھلاڑی تھے جنہوں نے ٹیسٹ اور ون ڈے سیریزمیں اچھی پرفارمنس دی۔ ڈریوڈ نے دورہ انگلینڈ میں ہی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کیرئیرکوبھی خیرباد کہہ دیا۔