لاہور(سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ سری لنکا کی سیریز کے لیے سابق ٹیسٹ اوپنر محسن حسن خان کو عبوری کوچ مقررکردیا ہے۔ ۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان کو ایک سیریز کے لیے کوچ بنایا گیا ہے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر کرنل (ر) نوشاد علی کو نوید اکرم چیمہ کی جگہ قومی ٹیم کا منیجر مقررکیا ہے وہ ٹور سلیکشن کمیٹی کے رکن بھی ہوں گے۔ نوید اکرم چیمہ کے حج سے واپس آنے کے بعد کرنل نوشاد علی ایسوسی ایٹ منیجر کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز اور بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم انتظامیہ کے ناموں کا اعلان کردیا۔ نوید اکرم چیمہ 11نومبر کو حج کرکے واپس لوٹیں گے اور سری لنکا کی ون ڈے سیریز اور بنگلہ دیش کے دورے میں منیجر کی ذمے داریاں سنبھالیں گے۔ کرنل نوشاد 1999 میں پی سی بی کے ڈائریکٹر اور قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ پی سی سی کے ترجمان کے مطابق نئے فل ٹائم کوچ کی تقرری تک محسن خان عبوری کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔