اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک23-نومبر2007)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اور جادوگر آف سپنر مرلی دھرن نے کہا ہے کہ اگرآسڑیلیا کی ٹیم نے شین وارن کا صحیح معنوں میں متبادل ڈھونڈنا ہے تو انہیں سٹیورٹ میک گل کا خیال ذہن سے نکالنا ہوگا، مرلی دھرن نے اپنے ایک انٹرویومیں کہا ہے کہ آسڑیلیا کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوران میک گل کی باؤلنگ غیر متاثرکن تھی اور ان میں ایسی کوئی بات دکھائی نہیں دی جس سے ثابت ہوتا ہو کہ وہ شین وارن کے متبادل کے طور پر واپس آسکتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اس وقت میک گل کی عمر 36 سال ہو چکی ہے اور وہ فٹنس مسائل کا بھی شکار ہیں لہٰذا یہ امید کرنا کہ وہ شین وارن کے متبادل کے طور پر سامنے آئیں گے بیوقوفی ہو گی، انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ کرنا میرا کام تو نہیں ہے مگر میرا مشورہ کرکٹ آسڑیلیا کو یہی ہے کہ وہ میک گل کی بجائے کسی نوجوان لیگ سپنر کو موقع فراہم کریں تاکہ وہ خود کو شین وارن کا متبادل ثابت کرسکے، انہوں نے کہاکہ میک گل میں اب پہلی جیسی بات نہیں ہے ممکن ہے کہ وہ عمر کے ساتھ کارکردگی نہیں دکھا پا رہے یا فٹنس مسائل کی وجہ سے ان کی کارکردگی خراب ہورہی ہے تاہم میں سمجھتا ہوں کہ وہ اب صرف ایک یادو سال مزید کرکٹ کھیل سکتے ہیں اس کے بعد ان کیلئے ٹیم میں رہنا ناممکن ہو جائے گالہٰذا کرکٹ آسڑیلیا کو طویل مدت کیلئے کسی باؤلر کاانتخاب کرناچاہئے مرلی دھرن کایہ بھی کہنا ہے کہ شین وارن کا متبادل باؤلر سامنے لانا کوئی آسان کام نہیںہے شین وارن بہت بڑا اور عظیم باؤلر ہے اس نے جوکارنامے انجام دیئے ہیں آسڑیلیاکے کسی اور باؤلر کيبس کی یہ بات نہیں ہے۔