نئی دہلی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 26 نومبر2007) پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پرمشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو6وکٹوں سے ہراکر 1-0کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان نے بھارت کو دوسری اننگز میں جیتنے کے 203رنز کاآسان ہدف دیاجوبھارت نے4وکٹوں کے نقصان پرپورا کرلیا۔ پانچویں روز جب کھیل شروع ہوا تو بھارت کو میچ جیتنے کے لیے صرف 32 رنز درکار تھے اور اس کی7وکٹیں باقی تھیں۔ بھارت کے چوتھے بیٹسمین گنگولی تھے جو 181کے مجموعی سکور پر شعیب اختر کی گیند پر سہیل تنویر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے انہوں نے 48رنز بنائے ۔بھارت کی طرف سے فتح کا سٹروک سچن ٹنڈولکر نے کھیلا انہوں نے 62 اوور کی پہلی گیند پر شعیب اختر کو چوکا لگایا۔ سچن ٹنڈولکر دوسری اننگز میں56 اوروی وی ایس لکشمن 6رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے شعیب اختر واحد کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے میچ میں مجموعی طورپر6وکٹیں حاصل کیں۔ انیل کمبلے کو میچ میں مجموعی طورپر 7 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں4 اور دوسری اننگز میں 3وکٹیں لیکر جیت میں اہم کرداراداکیا۔ فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم نئی دہلی میں پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کارگرثابت نہ ہوا پہلی اننگزمیں پاکستان کی پوری ٹیم 231رنز پر ڈھیر ہوگئی پاکستان کی طرف سے مصباح الحق 82رنز بنا کر نمایاں سکورر رہے ایک موقع پر 142رنز پر آٹھ وکٹیں گرچکی تھیں لیکن مصباح الحق اور محمد سمیع نے 87رنز کی پارٹنر شپ سے پاکستان کومکمل تباہی سے بچالیا ۔بھارت کی طرف سے کپتان انیل کمبلے نے عمدہ باؤلنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 4ظہیر خان نے دووکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کے 231 کے جواب میں بھار ت نے لکشمن کے ناقابل شکست 72 اوردھونی کے 57رنز کی بدولت 276رنز بنا کر پاکستان پر پہلی اننگز میں45رنز کی برتری حاصل کرلی۔دوسری اننگز میں پاکستانی اوپنرز نے 71رنز کاعمدہ آغازفراہم کیا لیکن یاسر حمید کے آؤٹ ہونے کے بعد یونس خان ،محمدیوسف اور شعیب ملک نے جلد آؤٹ ہوکر پاکستان کو ایک مرتبہ پھر مشکل میں ڈال دیا۔ ایک موقع پر پاکستان کی5وکٹیں161پرگرچکی تھیں ایک مرتبہ پھر مڈل آرڈربیٹسمین مصباح الحق اور کامران اکمل نے بھارتی باؤلرز کی کچھ دیر مزاحمت کی اور سکورکو 213رنز پر پہنچایا لیکن باقی پانچ وکٹیں محض 34رنز کا اضافہ کرسکیں اور پاکستان کی پوری ٹیم 247رنز پر ایک مرتبہ پھر ڈھیر ہوگئی ۔دوسری اننگز میں سلمان بٹ نے67 اور مصباح الحق نے 45رنز بنائے ۔بھارتی کپتان انیل کمبلے نے ایک مرتبہ پھر عمدہ باؤلنگ کامظاہرہ کرتے ہوئے 3 بیٹسمینوں کو پویلین پہنچایا جبکہ ظہیر خان،گنگولی اور ہربھجن سنگھ نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔203رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اس کی پہلی وکٹ 2رنز پر گرچکی تھی لیکن وسیم جعفر اور راہول ڈریوڈ نے 82رنز کی عمدہ شراکت کی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔جس کے بعد سچن ٹنڈولکر اور سارو گنگولی نے عمدہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو 6وکٹوں سے فتح دلوادی دوسری اننگز میں سچن نے ناقابل شکست 56 اورسارو گنگولی نے 48رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں دوسری اننگز میں پاکستان کے واحد کامیاب باؤلر شعیب اختر رہے جنہوں نے 4بھارتی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انیل کمبلے میچ میں 7وکٹیں حاصل کرنے کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے اسی طرح بھارت نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں پہلے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریزمیں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرامیچ30نومبر کو کولکتہ میں کھیلاجائیگا۔