ابوظہبی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا ابوظہبی ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ ناقص فیلڈنگ کے سبب قومی ٹیم جیتی ہوئی بازی برابر کرنے پر مجبور۔ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے دوسری نامکمل اننگز اٹھانوے رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید سولہ رنز درکار تھے۔ سنگاکارا اور پرسانا جے وردھنے نے پراعتماد انداز سے اننگز کا آغاز کیا اور پاکستان کی برتری کا خاتمہ کیا۔ سنگاکارا نے کیریئر کی آٹھویں ڈبل سنچری اسکور کی۔ کھانے کے وقفے تک سری لنکا کو پاکستان پر پچاس رنز کی برتری حاصل تھی۔ لنچ کے بعد سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو کمار سنگارا دو سو گیارہ رنزبناکر اظہر علی کا شکار بنے۔ پرسانا جے وردھنے نے سنچری اسکور کی۔ وہ ایک سو بیس رنز بنا کر اعزاز چیمہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کی پوری ٹیم چار سو تیراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ عمر گل نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک سو ستر رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو توفیق عمر سات کے مجموعی اسکور پر دو رنز بناکر ایل بیل ڈبلیو ہوگئے۔ آخری روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ پر اکیس رنز بنائے تھے۔