دبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ٹیم کی شکست میرا المناک دن تھا، باب وولمر کی موت سے بھی بے حد دکھی ہوں، محمدیوسف اور شعیب اختر اچھے کھلاڑی ہیں، شعیب سے میری کوئی لڑائی نہیں، اچھا کھیل میرے خمیر میں شامل ہے، دینی اور دنیاوی تعلیم دونوں ضروری ہیں، ٹیم میں تمام کھلاڑیوں سے اچھے تعلقات رکھے اور سب کو بھائی کی طرح سمجھا، صلاح الدین صلو اور چیف سلیکٹر اچھے کھلاڑیوں کو آگے لائیں اور ورلڈکپ کی تیاری کیلئے خصوصاً ڈومیسٹک کرکٹ پر توجہ دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک تماشائی نے دوران میچ میرے ساتھ بدتمیزی کی اور میں نے جوابی کارروائی میں اس کی طرف بلا لہرا دیا لیکن مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا جس سے مجھ پر 2میچز کی پابندی بھی لگائی گئی۔ اس دوران گنگولی اور ٹنڈولکر سمیت امپائرز نے بھی میری کافی مدد کی اور اس کیس کے نمٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سرفرازنواز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام نے کہا کہ سرفراز کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ مجھ پر الزام لگائیں، مجھ پر الزام لگانے سے پاکستان کرکٹ ٹیم کا امیج خراب ہوا اور وہ تو عمران خان پر بھی الزام لگاتے ہیں جو ہمارے قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ہمیں 1992ء کے ورلڈکپ میں فتح دلوا کر ہمارا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ون ڈے میچ بھی کھیل سکتا ہوں تاہم ورلڈکپ میں شکست سے دلی صدمہ ہوا اور ون ڈے کرکٹ چھوڑ دی تاہم ٹیسٹ کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔