اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 29 نومبر2007) پاکستان کرکٹ ٹیم کے راؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم دہلی میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کو جیتنے کی پوزیشن میں تھی مگر بھارت نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی، اپنے ایک انٹرویو میں آفریدی نے کہاکہ پاکستان کی ٹیم سیریز میں کم بیک کرسکتی ہے مگراس کیلئے کپتان شعیب ملک کو سخت رویہ اپنانا ہوگا انہوں نے کہاکہ اگر ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں نے باقی دونوں ٹیسٹ میچوں میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تو ٹیم سیریز جیت سکتی ہے، انہوںنے کہاکہ پاکستان کی ٹیم دہلی ٹیسٹ میچ میں برتری حاصل کرنے کے بعد مضبوط پوزیشن میں آگئی تھی مگر میچ کے چوتھے روز 35رنزپر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم کے ہاتھ سے میچ نکل گیا، آفریدی نے کہاکہ پاکستانی بیٹسمینوں کو اگلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اگر پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں ٹیم نے مزید اسی یا سو رنز بنائے ہوتے تو ہم میچ جیت سکتے تھے، ایک سوال کے جواب میں شاہد خان آفریدی نے کہاکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میںٹیم کے فاسٹ باؤلرز کو شعیب اخترکو زیادہ ساتھ دینا ہوگا شعیب اختر نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بہتر باؤلنگ کرائی مگر دوسری جانب سے ان کا ساتھ کسی باؤلر نے نہیں دیا، انہوں نے کہاکہ مجھے اس بات پرحیرت ہوئی ہے کہ کنیریا دہلی کی وکٹ پر زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں ناکام رہا انہوں نے کہاکہ ابھی تک کنیریا اپنے چھوٹے رن اپ کی وجہ سے کامیابی حاصل کرنے میں ناکام ہے بہرحال ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے زیادہ اعتماد کے ساتھ میدان میں ا ترنا ہوگاتاکہ کامیابی حاصل کرکے سیریزمیں کم بیک کرے۔