برسبین (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک04-دسمبر2007)مرلی دھرن کے ہاتھوں اپنا ریکارڈ چکنا چور ہوجانے کے بعد آسٹریلوی لیجنڈشین وارن نے سری لنکن اسپنر مرلی دھرن کو مبارک باد دیتے ہوئے پیش گوئی کی ہے کہ یہ ریکارڈ ہمیشہ قائم رہے گا۔مرلی دھرن نے اپنی709ویں ٹیسٹ وکٹ انگلینڈ کے خلاف کینڈی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں حاصل کرکے ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کامیاب ترین بولر بن گئے ہیں ۔آف اسپنر مرلی دھرن نے اپنا116واں ٹیسٹ کھیلتے ہوئے انگلش بیٹسمین پاؤل کولنگ ووڈ کو بولڈ کرکے اننگ میں اپنی 5ویں وکٹ حاصل کرکے سابق آسٹریلوی اسپنر شین وارن کا145ٹیسٹ میچوں میں 708ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے کا ورلڈ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب ہوگئے ۔شین وارن نے کہا کہ میں مرلی دھرن کو اپنا ریکارڈ توڑنے پر مبارک باد دیتا ہوں۔وارن نے کہا کہ یہ ریکارڈ مختصر مدت تک رہا لیکن میں جانتا تھا کہ میں یہ ریکارڈ ایک مختصر مدت تک ہی رکھ پاؤں گا۔مرلی یہ کہا چکا تھا کہ وہ ایک ہزار ٹیسٹ وکٹیں لینا چاہتا ہے اور اس کے پاس یہ کرنے کا ہر طرح سے موقع ہے۔اگر وہ یہ کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو میرا نہیں خیال کہ کوئی اور دوسرا اس کا ریکارڈ برابر کرسکے۔مرلی دھرن کا کیرئیر اپنے بولنگ ایکشن کی وجہ سے شکوک و شبہات کا شکار رہا لیکن وارن کا کہنا ہے کہ لو گ جو کچھ بھی کہیں وہ کھیل کے ایک عظیم بولرہے طور پر یاد رکھا جائے گا۔سابق سری لنکا کوچ ٹام موڈی کا کہنا ہے کہ مرلی دھرن کے ورلڈ ریکارڈ میں اپنے حصے کی وجہ سے فخر محسوس کرتے ہیں۔ٹام موڈ ی مرلی دھرن کے دوسرے ٹیسٹ شکار بنے تھے۔مرلی دھرن نے 1992میں شنہیلز اسپورٹس کلب میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں ٹام موڈی کو اپنی گیند پر آؤٹ کیا تھا۔