کولکتہ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک05-دسمبر2007)کپتان یونس خان اور محمد یوسف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی لاج رکھ لی اور دونوں بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلہ کے بغیر ختم ہو گیا۔ کولکتہ کی بیٹنگ وکٹ پر ایک ڈبل اور پانچ سنچریاں سکور ہوئیں،آخری روز پاکستانی کپتان یونس خان بھی سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے، منگل کو میچ کے پانچویں روز بھارت نے 141 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو دھونی 28 اور گنگولی 24 رنز پر کھیل رہے تھے۔ بھارت کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دھونی تھے جو 37 رنز بنا کر شعیب اختر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ اس کے بعد سارو گنگولی بھی 46 رنز بنانے کے بعد شعیب اختر کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ راہول ڈریوڈ 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور بھارت نے اپنی دوسری اننگز 184 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی۔ پاکستان کی طرف سے شعیب اختر اور دانش کنیریا نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔ پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز یاسر حمید اور کامران اکمل نے کیا تاہم 22 کے مجموعی سکور پر یاسر حمید 14 رنز بنا کر ظہیر خان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کامران اکمل پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 14 رنز بنانے کے بعد کمبلے کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ سلمان بٹ بھی صرف 11 رنز بنا کر انیل کمبلے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ پہلی اننگز میں 161 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے مصباح الحق صرف 6 رنز بنا کر مناف پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ اس موقع پر تجربہ کار مڈل آرڈر بلے بازوں یونس خان اور محمد یوسف نے محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کا سکور 214 رنز تک پہنچا دیا۔ یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی۔ میچ کے پانچویں روز جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو یونس خان 107 اور محمد یوسف 44 رنز پر کھیل رہے تھے اور پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنا لئے۔ بھارت کی طرف سے انیل کمبلے نے دو اور ظہیر خان اور پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ وسیم جعفر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا