بنگلور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک07-دسمبر2007) کولکتہ ٹیسٹ میں شعیب ملک کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کرنے والے یونس خان نے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ میں قیادت کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ شدید اختلافات پیدا ہوگئے ہیں لیکن پی سی بی عہدیدار ان کو منانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق پی سی بی کے ذرائع نے بتایا کہ وہ ٹیم انتظامیہ سے سخت ناراض ہیں اور اس کا اظہار انہوں نے قیادت سے انکار کی صورت میں کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یونس خان نے بنگلور ٹیسٹ کيلئے فاسٹ باؤلر عبدالرؤف کو بھارت بھجوانے کی درخواست کی تھی مگر شعیب ملک اور بورڈحکام کی ملی بھگت سے عبدالرؤف کی جگہ راؤ افتخار کو بھارت بھجوا دیا گیا جس پرانہوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ اس معاملے میں چیف سلیکٹر بھی شعیب ملک اور ٹیم انتظامیہ سے ناراض ہیں۔ یونس خان اس سے پہلے بھی دو مرتبہ قومی ٹیم کی قیادت کرنے سے انکار کر چکے ہیں جبکہ انضمام الحق کی کپتانی سے علیحدگی کے بعد بورڈ نے ان کو کپتان بننے کی پیشکش کی تھی جس کو انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔ تاہم سلمان بٹ کو نائب کپتانی سے ہٹانے کے بعد انہوں نے نائب کپتان بننا منظور کرلیا تھا۔ سینئر کھلاڑی محمد یوسف بھی قیادت سے انکار کر چکے ہیں ۔ ٹیم انتظامیہ نے اس سلسلے میں مصباح الحق کو قیادت کيلئے قائل کرنے کی کوشش کی ۔ پی سی بی کے چیئرمین ڈاکٹر نسیم اشرف نے یہ اطلاع ملنے کے بعد ٹیم مینجمنٹ اور یونس خان سے رابطہ کرکے ان کو کپتانی کيلئے رضا مند کر لیا۔یونس خان میچ سے کچھ دیر قبل پریس کانفرنس بھی کریں گے۔