بنگلور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک10-دسمبر2007) بھارت نے پاکستان کو رنز کے پہاڑتلے دبادیا اور پاکستانی بلے بازوں کی کڑی آزمائش شروع ہوچکی ہے ،بنگلور میں کھیلے جارہے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی بلے بازوں نے پاکستان کی کمزور باؤلنگ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 626 رنز کا پہاڑ بنا دیا اور پاکستانی ٹیم اس پہاڑ کو عبور کرنے کی کوشش میں86 رنز پر ایک وکٹ گنوا بیٹھی۔ بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی جنہوں نے 125 رنز پر دوبارہ اننگز شروع کی اپنی ڈبل سنچری سکور کرنے میں کامیاب رہے جبکہ آٹھویں نمبر پر آنے والے عرفان پٹھان نے سنچری بنا کر خود کو بہترین آل راؤنڈر ثابت کر دیا۔ گنگولی نے239 اور عرفان پٹھان نے102 رنز بنائے۔ بھارت نے6وکٹوں کے عوض365رنز پردوبارہ اننگز شروع کی تو پاکستان نے پہلی کامیابی دنیش کارتک کو پویلین میں واپس بھیج کر حاصل کی انہوں نے24 رنز بنائے، ان کا شکار یاسر عرفات نے کیا، ان کی جگہ عرفان پٹھان کھیلنے آئے اور وہ بھی پاکستانی باؤلنگ کے آگے ڈٹ گئے۔گنگولی اور عرفان پٹھان نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں178 رنز بنا کر پاکستانی ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا۔ جب بھارت کا سکور605 تھا تو دانش کنیریا نے گنگولی کو بولڈ کر دیا۔ گنگولی کے239 رنز میں30چوکے اور2چھکے شامل تھے، انہوں نے361 گیندوں کا سامنا کیا۔ ان کی جگہ کپتان انیل کمبلے کھیلنے آئے لیکن وہ صرف4 رنز بنانے کے بعد واپس لوٹ گئے، اس طرح بھارت کی 8 وکٹیں615 رنز پر گرگئیں۔ نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہربھجن سنگھ تھے، وہ بھی4 رنز بنا سکے۔ عرفان پٹھان سب سے آخر میں آؤٹ ہوئے، ان کے102 رنز میں 10 چوکے اور4چھکے شامل تھے،38 فاضل رنز بنے۔ یاسر عرفات نے161 رنز کے عوض5، دانش کنیریا نے168 رنز کے عوض3 اور محمد سمیع نے149 رنز کے عوض2وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی ٹیم نے اپنی باری شروع کی تو ان پر سخت دباؤ تھا، سلمان بٹ اور یاسر حمید بیٹنگ کيلئے آئے، دونوں نے عمدہ طریقے سے اننگز کا آغاز کیا لیکن جب پاکستان کا سکور59 رنز ہوا تو بھارتی ٹیم پہلی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ انیل کمبلے نے یاسر حمید کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ انہوں نے4 چوکوں کی مدد سے19 رنز بنائے۔ ان کی جگہ کپتان یونس خان کھیلنے کيلئے آئے، وہ دونوں کھیل ختم ہونے تک کریز پر موجود تھے۔ سلمان بٹ نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے50 رنز میں9 چوکے لگائے، یونس خان7 رنز پر کھیل رہے ہیں۔