پرتھ (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک12دسمبر2007)آسٹریلیا نے ٹوئنٹی20 کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو54 رنز سے ہرا دیا۔آسٹریلیا کی جیت میں اینڈریو سائمنڈز کی بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا ۔ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کیویز کے چھکے چھڑانے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ،جیکب اورم کی شاندار بیٹنگ ان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی ۔آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کینگروز نے مقررہ اوورز میں6 وکٹ کے نقصان پر186رنز بنا ئے، جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 132 رنز بنا سکی اور آسٹریلیا نے یہ میچ 54 رنز سے جیت لیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے ایڈم گلکرسٹ اور مائیکل کلارک نے اننگز کا آغاز کیا تاہم گلکرسٹ صرف ایک رن بنا کر گلیسپی کا شکار بنے، مائیکل ہسی آسٹریلیا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو22 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے۔ کپتان مائیکل کلارک کو33 رنز پر ویٹوری نے ٹیلر کا کیچ بنوایا، ایڈم ووگز26 رنز بنا کر پٹیل کی گیند پر ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پومرز بیخ15رنز بنا سکے،آل راؤنڈراینڈریو سائمنڈز نے صرف46 گیندوں پر7 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست85 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا نے6 وکٹ پر186 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو جیتنے کیلئے187 کاہدف دیا، نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا،اوپنر لو ونسنٹ بغیر کوئی رن بنائے جبکہ میک کولم صرف13 رنز بنا کر بریٹ لی کا شکار بنے ۔دوسری جانب شان ٹیٹ نے چار رنز پر جیمی ہاؤ اور کھاتا کھولنے کی مہلت دیے بغیر ٹیلر کو فارغ کردیا، میتھیو سنکلیئر بھی صفر کی ہزیمت کا شکار ہوکر پویلین لوٹے ۔ تجربہ کار آل راؤنڈر اسکاٹ اسٹائرس بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور 18 رنز بنا کر جانسن کی گیند پر بریکن کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کپتان ڈینیئل ویٹوری بھی صرف3 رنز بنا سکے، کیل ملز،مارک گلیسپی اور جیتن پٹیل 4،4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جیکب اورم 66 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے 31 گیندوں پر6 چھکوں اور5چوکوں کی مدد سے66 رنز بنائے ۔ آسٹریلیا کی طرف سے نوفکی نے3 جبکہ بریٹ لی، جونسن اور شان ٹیٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا