میلبورن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک12دسمبر2007) پاکستان سے سیریز کے بعد بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، ماہرین اس سیریز میں کانٹے کے مقابلے کی توقع کررہے ہیں، ان فارم بھارتی بیٹسمین میک گرا اور شین وارن جیسے بولرز کی عدم موجودگی میں کینگروز بولنگ اٹیک کے پرخچے اڑا سکتے ہیں جبکہ کپتان انیل کمبلے اور ہربھجن سنگھ کا جادو آسٹریلوی وکٹوں پر سر چڑھ کر بول سکتا ہے، اسی خدشے کا اظہار سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیووا نے بھی کیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم اسپنر دوست وینیوز پر آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیت سکتی ہے، بھارت کو ایڈیلیڈ اور سڈنی ٹیسٹ کھیلنا ہیں جہاں وکٹ اسپنرز کی معاونت کرتی ہے ساتھ ہی دورے کا پروگرام بھی بھارت کیلئے نہایت موزوں ہے، اس بات کے پیش نظر سیریز میں بھارت کی فتح کی امید ہے ۔ بھارتی اسکواڈ میں تین اچھے اسپنرز ہونگے جو آسٹریلیا کی20 وکٹیں حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔ وا نے کہا کہ گزشتہ دہائی میں بھارت کا بولنگ اٹیک آسٹریلیا میں20 وکٹیں لینے کے قابل نہیں تھا ۔ سابق آسٹریلوی کپتان نے کہاکہ مسئلہ یہ نہیں ہے کہ بھارت کے پاس کتنے اچھے بیٹسمین ہیں ،اصل بات ہے کہ ٹیم اس وقت تک کوئی ٹیسٹ نہیں جیت سکتی جب تک وہ20 وکٹیں حاصل نہ کرلیں ۔کمبلے کی ٹیم اس بار فتح حاصل کرسکتی ہے لیکن اس کا انحصاراس بات پرہے کہ بولرزکیسی کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہیں ،بھارتی بیٹسمین کافی تجربہ کار ہیں ، اگر وہ وکٹیں حاصل کرنے والابولنگ اٹیک آسٹریلیا لاتے ہیں تو ان کی کامیابی کا امکان ہے۔ تاہم اسٹیووا کے خیالات سے سابق فاسٹ بولر گلین میک گرا قطعی متفق نہیں ،انہیں یقین ہے کہ بھارت کو کامیابی اورآسٹریلیا کوشکست دینے کیلئے خاص صلاحیت کی ضرورت ہے ۔میک گرانے کہاکہ”باکسنگ ڈے“پربھارت کی جانب سے چارفاسٹ بولرزکے استعمال کاامکان ہے۔کرکٹ ورلڈکپ کے بعدریٹائرہونے والے میک گراپرامیدتھے کہ آسٹریلیاکی ٹیم چارٹیسٹ سیریزکے دوران بھارت کے چیلنج کوالٹ سکتی ہے۔