بنگلور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک13-دسمبر2007) بھارت نے پاکستان کو اپنی سرزمین پر27 سال بعد ٹیسٹ سیریزمیں ہرا دیا ہے،بنگلور میں کھیلا گیا سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ اس وقت ڈرا کردیا گیا جب پاکستان نے7 وکٹوں کے نقصان پر162 رنز بنائے تھے اور بھارت کو فتح کیلئے محض تین وکٹیں درکار تھیں اورابھی 11 اوورز کا کھیل باقی تھا کہ خراب روشنی کی وجہ سے میچ رک دیا گیا جس کی بدولت پاکستانی ٹیم ایک اور شرمناک شکست سے محفوظ رہی۔ لیکن بھارت نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی۔ اس سے پہلے بھارتی ٹیم نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 284 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کیلئے 374 رنز کا غیریقینی ٹارگٹ دیا۔ آخری روز بھارت نے 2 وکٹوں کے عوض 131 رنز پر دوبارہ اپنی دوسری اننگز شروع کی تو بھارتی ٹیم کو آج کے روز کا پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب بھارت کا سکور 178 رنز پر پہنچ گیا تھا۔ ڈریوڈ جو پوری سیریز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کرسکے 49 رنز بنانے کے بعد دنیش کنیریا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ ان کی جگہ لکشمن کھیلنے آئے لیکن دوسری طرف ساروگنگولی 9 رنز کی کمی سے اپنی سنچری بنانے میں ناکام رہے ان کے 91 رنز میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس وقت بھارت کا مجموعی سکور 178 تھا۔ یووراج سنگھ بھی زیادہ دیر وکٹ پر جم نہ سکے اور صرف 2 رنز بنانے کے بعد واپس لوٹ گئے۔ ان کو محمد سمیع نے نشانہ بنایا۔ ان کی جگہ دنیش کارتک کھیلنے کیلئے آئے لیکن دوسری طرف جب بھارت کا سکور 225 تھا لکشمن نے کارتک کا ساتھ چھوڑ دیا۔ وہ 14 سکور بنانے کے بعد زخمی ہوکر واپس لوٹ گئے۔ ان کی جگہ عرفان پٹھان آئے۔ وہ 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ تاہم کارتک کے 52 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کمبلے نے اننگز ڈکلیئر کردی۔پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو اس بات کا قوی امکان تھا کہ میچ ڈرا ہوجائے گا۔ پاکستان کی طرف سے سلمان بٹ صرف 8 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ یونس خان اپنا کھاتہ نہ کھول سکے اس طرح 44 سکور پر پاکستان کی 2 وکٹیں گر گئیں۔ یاسر حمید 44 رنز بنا سکے۔ فیصل اقبال اور مصباح الحق نے چوتھی وکٹ کی رفاقت میں 71 رنز جوڑے۔ جب پاکستان کا سکور 144 تھا تو فیصل اقبال 51 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد میچ نے ڈرامائی ٹرن لیا اور یکے بعد دیگرے پاکستان کی تین وکٹیں گر گئیں۔ کامران اکمل کو بغیر سکور پر کمبلے نے بولڈ کردیا۔ یاسر عرفات بھی کھاتہ نہ کھول سکے۔ مصباح الحق کو 33 سکور پر یووراج سنگھ نے بولڈ کردیا جب پاکستان کا سکور 7 وکٹوں پر 162 تھا تو خراب روشنی کی وجہ سے میچ رک گیا اور دوبارہ شروع نہ ہوسکا۔