اسلام آباد(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر سرفراز نواز نے کہا ہے کہ جیف لاسن کی کوچ کی حیثیت سے تقرری پلیئرز پاور کی جیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاسن کبھی بڑا کوچ نہیں رہا ، پی سی بی کے سابق سربراہ شہریار خان اور توقیر ضیا کہہ چکے ہیں کہ غیر ملکی کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے تباہ کن ثابت ہوئے ہیں ، اب ڈاکٹر نسیم اشرف نے کھلاڑیوں کے مطالبے پر کوچ مقرر کرکے پلیئرز پاورکو فروغ دیا ہے ۔ سینئر کھلاڑیوں کے مطالبے پر کوچ کی تقرری پی سی بی کی بڑی ناکامی ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کرکٹ پر گہرے اثرات مرتب کرے گا ۔ سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستانی کوچز کی موجودگی میں غیر معروف غیر ملکی کوچز کی تقرری بلاجواز ہے ، میں پی سی بی کے فیصلے پر حیران ہوں کہ ہمیں ہمیشہ بیٹسمینوں کی وجہ سے شکست ہوتی ہے لیکن ہم نے باؤلر کوچ مقرر کردیا ہے ۔