بنگلور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک13-دسمبر2007) شعیب ملک کی غیر موجودگی میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دینے والے یونس خان نے کہا ہے کہ بھارت نے عمدہ کھیل پیش کر کے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سیریز اپنے نام کی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یونس خان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم بھارت کے خلاف سیریز میں معیاری کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی جس کا اسے نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے مصباح الحق کی خاص طور پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس انتہائی اہم سیریز میں مصباح نے مشکل وقت میں وکٹ پر ٹھہر کر عمدہ کھیل پیش کیا تاہم ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی اپنا روایتی کھیل پیش کرنے میں ناکام رہا۔ یونس خان نے کہا کہ انہیں بھی بھارتی کے ہاتھوں 27سال بعد ٹیسٹ سیریز ہارنے پر افسوس ہے تاہم ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ یونس نے سیریز کے آخری میچ میں یاسر عرفات کے کھیل کی بھی تعریف کی۔