بنگلور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک13-دسمبر2007) پاکستان اوربھارت کے درمیان تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز میں سابق بھارتی کپتان گنگولی نے سب سے زیادہ 534 رنز بنائے، اس دوران انہوں نے اپنے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری بھی اسکور کی ۔ تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ڈبل سنچری اسکور کرنے کے بعد دوسری اننگز میں بھی گنگولی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے91 رنز بنائے ۔ پاکستان کے مصباح الحق 437 رنز کے ساتھ دوسرے نمبرپر رہے۔ مصباح الحق نے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی ابتدائی دونوں سنچریاں اسی سیریز میں اسکور کیں۔ کولکتہ ٹیسٹ میں مصباح نے 161 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستانی ٹیم کو یقینی شکست سے بچانے میں اہم کردارادا کیا یہ ان کے ٹیسٹ کیرئیر کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے ۔ وسیم جعفر 378 رنز کے ساتھ سیریز میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے جبکہ یونس خان 260 کے رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔