نئی دہلی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک13-دسمبر2007)ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان برائن لارا نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اپنی صلاحیتوں کے نکھار کا بہترین پلیٹ فارم ہے ۔ انڈین کرکٹ لیگ پر پابندی بدقسمتی ہے، اسی لیگ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں پر قومی ٹیم میں کھیلنے کی پابندی عائد کرنا بھی اچھی بات نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کے کھلاڑیوں کو ہر فورم پر کھیلنا چاہئے کیونکہ کھیل سے کھلاڑی کو دور رکھنا انصاف نہیں ہے ۔ کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں لیکن کیا یہ بدقسمتی نہیں ہے کہ کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کی بجائے ان پر دروازے بند کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا حقیقی خواب اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے اور انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے کئی کھلاڑی پہلے اپنی اپنی قومی ٹیموں میں کھیل چکے ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی تمام بورڈز انڈین لیگ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ اپنی قومی ٹیموں میں کھیلنے کی اجازت دے دیں گے ۔