لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک14-دسمبر2007)پاکستانی کرکٹ ٹیم بھارت کے ہاتھوں پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزمیں شکست کھانے کے بعد منہ لٹکائے وطن واپس پہنچ گئی۔ ٹیم دہلی سے لاہور پہنچی۔ شعیب اختر اور دانش کنیریا ٹیم کے ساتھ وطن واپس نہیں آئے جبکہ دیگر تمام کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ یونس خان اور راؤ افتخار ممبئی سے کراچی پہنچے جبکہ دیگر کھلاڑی لاہور ایئرپورٹ پر اترے جن میں سے یاسر عرفات، سہیل تنویر، یاسر حمید راولپنڈی، فیصل اقبال اور محمد سمیع کراچی کیلئے روانہ ہوگئے جبکہ لاہور اترنے والے کھلاڑیوں میں شعیب ملک، سلمان بٹ، محمد یوسف، کامران اکمل، مصباح الحق اور عبدالرحمن شامل ہیں۔ کپتان شعیب ملک نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ میچز جیتنے کی کوشش کی مگر ناکام ہوئے۔ ہار جیت کھیل کا حصہ ہوتی ہے۔ ہار سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں انجریز نہیں ہیں بلکہ فٹنس کے مسائل وہاں وائرس کی وجہ سے ہوئے۔ اپنی کپتانی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بطور کپتان ٹیم کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی۔ منیجر طلعت علی نے اس موقع پر کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سے مایوسی ہوئی۔ یونس خان کو کپتان اس لئے بنایا گیا کیونکہ وہ ٹیم کے نائب کپتان تھے اور شعیب ملک کی غیرموجودگی میں یونس خان نے ہی کپتانی کرنا تھی۔ طلعت علی نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد انڈیا نے جان بوجھ کر ایسی پچز تیار کیں تاکہ میچز ڈرا ہوں۔ انہوں نے شعیب اختر کے فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے کہا کہ وہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے تاہم ٹیم ڈسپلن کے حوالے سے رپورٹ چیئرمین پی سی بی کو پیش کی جائے گی۔ مصباح الحق نے اس موقع پر کہا کہ اپنی پرفارمنس سے مطمئن ضرور ہوں تاہم ٹیم سیریز جیت جاتی تو زیادہ خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک اچھے کپتان ہیں اور ان کو ابھی مزید موقع ملنا چاہئے۔ شعیب اختر اور دانش کنیریا ٹیم کے ساتھ وطن واپس نہیں آئے۔ علاوہ ازیں انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی انضمام الحق بھی واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔