کولمبو (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک14-دسمبر2007) سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی کرکٹ سیریزکا دوسرا میچ ہارجیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔ سری لنکا کو سیریز میں 1 - 0 سے برتری حاصل ہے ۔ ماہیلاجے وردھنے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا۔ جمعرات کو میچ کے آخری روز کھیل شروع ہوا تو انگلینڈ نے 48 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو مائیکل وان 28 اور الیسٹر کک 19 رنز پرکھیل رہے تھے۔ دونوں بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور اپنی ٹیم کا سکور 107 تک پہنچادیا۔ اس موقع پر مائیکل وان 61 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ الیسٹرکک 62 رنز بنا سکے۔ آئن بیل انگلینڈ کے تیسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 54 رنز بنا کر مرلی دھرن کا شکار بنے۔ بارش کے باعث جب کھیل جلد ختم کرنے کا اعلان کیاگیا تو پیٹرسن 45 اور کولنگ ووڈ 23 پرکھیل رہے تھے اورانگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنا رکھے تھے۔ سری لنکا کی طرف سے فرنینڈو، مرلی دھرن اورچمارا سلو ا نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا