کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک17-دسمبر2007)قومی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر دانش کینریا نے پاکستان کے خلاف سیریز میں تیار کی گئی بے جان وکٹوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکٹوں کی وجہ سے سیریز بے مزا ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے مایوسی ہوئی اور میری کارکردگی میری ٹیم اور ملک کے کام نہ آسکی لیکن بھارت کی وکٹیں لو باؤنس والی تھیں جس سے بولروں کو مدد نہ مل سکی۔ دانش کنیریا نے اتوار کو 27 ویں سالگرہ منائی۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ کی ناکامی سیریز کا ٹرننگ پوائنٹ تھا، پہلی اننگز میں ہم نے بھارت کو276 رنز تک محدود رکھا حالانکہ ان کی بیٹنگ لائن بے حد مضبوط تھی، دانش کینریا نے کہا کہ کول کتہ اور بنگلور ٹیسٹ کے آخری دن بھی وکٹ میں کوئی جان نہ تھی، اس کے مقابلے میں 2005 کی وکٹوں میں ٹرن بھی تھا اور باؤنس بھی دکھائی دیا، چونکہ ہماری بیٹنگ2005 کے مقابلے میں کمزور تھی اس لیے بھارت نے ہماری بولنگ کو بے اثر بنانے کی حکمت عملی اپنائی، انہوں نے کہا کہ 3 ٹیسٹ کی سیریز میں میں نے 20 وکٹوں کا ہدف رکھا تھا جو پورا نہ ہو سکا، انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجھے زمبابوے کی ہوم سیریز میں چانس ملے گا اور میں ون ڈے کرکٹ کے چیلنج پر پورا اتروں گا۔ پاکستان اور زمبابوے کا پہلا ون ڈے23 جنوری کو حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔