اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک17-دسمبر2007) بھارت میں ہونے والے پہلے انڈین لیگ کرکٹ ٹونٹی 20کے فائنل میں چنائی سپرسٹارز نے چندی گڑھ کو شکست دے کر پہلا ٹونٹی 20انڈین لیگ اپنے نام کر لیا۔اس سے قبل چندی گڑھ نے ٹاس جیت کر چنائی کو کھیلنے کی دعوت دی تو اس نے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 155رنز بنائے ۔چنائی سپرسٹارز کی طرف سے آئین ہاروے نے 31گیندوں پر 36رنز بنائے ان کے علاوہ چنائی کے کپتان سٹیورٹ لانے 34رنز سکور کئے ۔ان کے علاوہ بدانی نے 20اور وینگنش اور ایڈ نے بالترتیب 15اور 16رنز سکور کئے چندی گڑھ کی جانب سے ٹفی نے 2جبکہ عنیال اور مونگیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔155کے جواب میں چندی گڑھ لائنز مقررہ 20اوورز میں آٹھ وکٹوںپر 143رنز بنا سکی اس طرح اسے فائنل میں چنائی سپرسٹارز کے ہاتھوں ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔چندی گڑھ کی طرف سے ٹی پی سنگھ کے 35اور اینڈریو ہال کے ناٹ آؤٹ 30رنز بھی اس کے کام نہ آسکے۔ان کے علاوہ مونگیا نے 21اور سربجیت سنگھ نے 28رنز کی جارحانہ اننگزیں کھیلیں۔چنائی سپرسٹارز نے 4اوورز میں 23رنز کے عوض 4وکٹیں حاصل کی۔اور جیت میں اہم کردارادا کیا۔ان کے علاوہ ہاروے نے 26رنز کے عوض 2اور ٹی کمارن اور وینگنش نے 32اور 9رنز کے عوض ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔پاکستانی فاسٹ باؤلر شبیر احمدکوتباہ کن باؤلنگ کے عوض فائنل کا مرد میدان ٹھہرایا گیا۔ تیسری پوزیشن کے پلے آف میچ میں سری لنکن سٹار اتاپتوکی دہلی جیٹس نے کولکتہ ٹائیگرز کو 5وکٹو ں سے شکست دے دی، اتاپتو نے10چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے56گیندوں پر75 رنز بنائے، ان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔کولکتہ ٹائیگرز 7وکٹوں پر141 رنز بنا سکی۔داس گپتا نے28اور راجیو کمار نے23 رنز بنائے۔دہلی جیٹس نے19.1 اوورز میں5وکٹیں کھول کر ہدف حاصل کرلیا ۔تیسری پوزیشن کے میچ کے باوجود شائقین کی بڑی تعداد نے میچ میں شرکت نہیں کی اور کئی انکلوژر خالی نظر آرہے تھے۔