لندن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک18-دسمبر2007)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میں تنہا کس طرح ٹیم کو جتوا سکتاتھا۔ شعیب نے کہا کہ سابق کپتان عمران خان کی مجھ پر تنقید بلاجواز ہے۔اپنے ایک حالیہ کالم میں شعیب اختر نے کہاکہ عمران خان ماضی میں مجھے میچ ونر قرار دیتے رہے ہیں لیکن میں اکیلا کس طرح ٹیم کو فتح دلوا سکتاہوں۔ جب میں نے بھارتی ٹیم پر دباؤ ڈالا کوئی اور بولر اس دباؤ کو برقرار نہ رکھ سکا۔ میں اپنے ساتھیوں پر الزام تراشی نہیں کر رہا۔ لیکن اگر محمد سمیع میرا ساتھ دیتا۔ محمد آصف اور عمر گل فٹ ہوتے تو صورتحال یقینی طور پر مختلف ہوتی۔ کوئی بھی ٹیم عمر گل اور آصف جیسے بولروں کی کمی شدت سے محسوس کرتی ہے۔ عمران خان کے ساتھ سرفراز نواز تھے۔ جب کہ ان کی مدد کے لئے وسیم اکرم اور عبدالقادر موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ کول کتہ ٹیسٹ سے قبل ڈاکٹروں نے کہاکہ اگر میں کھیلا تو یہ حیران کن ہوگا۔ مجھے دو تین دن آرام بتایا گیا لیکن میں اپنی ٹیم کے لئے کھیلا کیونکہ ٹیم انتظامیہ مجھے کھلانا چاہتی تھی۔ بنگلور میں مجھے کمر کی تکلیف کی وجہ سے بولنگ سے محروم ہونا پڑا۔ میں چند ہفتے آرام کے بعد آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں