ممبئی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک18-دسمبر2007) بھارتی کرکٹ ٹیم تین ماہ کے طویل آسٹریلوی ٹور پر سنگاپور روانہ ہوگئی جہاں وہ میلبورن کیلئے روانہ ہوگی۔ ٹیم آسٹریلوی ٹور میں ٹیسٹ سریز اور سہ ملکی ون ڈے سیریز میں حصہ لے گی۔ جس میں تیسری ٹیم سری لنکا ہے۔ بھارتی ٹیم اور آسٹریلیا کے درمیان 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے شروع ہوگا۔ اس سے پہلے ٹیم سہ ملکی پریکٹس میچ وکٹوریہ کے خلاف کھیلے گی۔ بھارت روانگی سے پہلے کپتان انیل کمبلے نے اپنی ٹیم پر بے پناہ اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ اس ٹیم میں اتنا ٹیلنٹ موجود ہے کہ وہ آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پر شکست سے دو چار کرے گی۔ ہم نے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں طرز کی کرکٹ میں کامیابی حاصل کی۔ میری ٹیم میں متعدد ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو آسٹریلوی کنڈیشن میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں ہمارے پاس ایسے بلے باز موجود ہیں جو تیس ہزار سے زیادہ رنز بنا چکے ہیں اس لئے میں اپنی ٹیم کی جیت کے بارے میں پراعتماد ہوں۔ آسٹریلیا روانہ ہونے والے سکواڈ میں انیل کمبلے (کپتان) ، مہندر دھونی ، ڈریوڈ، گنگولی ، ہربھجن سنگ، وسیم جعفر، دنیش کارتھک ، ظہیر خا ن، لکشمن، پنکج سنگھ ، عرفان پٹھان، وریندر سہواگ، اشانت شرما، آر پی سنگھ، سچن ٹنڈولکر اور یووراج سنگھ شامل ہیں۔