لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک27-دسمبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ نے انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے قومی کرکٹرز پر کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور یہ کھلاڑی ڈومیسٹک کے ساتھ کلب کی سطح پر بھی نہیں کھیل سکتے دوسری جانب کرکٹ بورڈ کے ستائے ہوئے کرکٹرز نے عدالتوں کا رخ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاہم حج کی سعادت حاصل کرنے کی غرض سے سعودی عرب میں موجود سابق کپتان انضمام الحق کی واپسی پر متاثرہ کرکٹرز مستقبل کیلئے کوئی پروگرام ترتیب دینگے، ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اس سلسلے میں اپنے لیگل ایڈوائزر کو قانونی مدد کی ہدایت کی ہے اور پی سی بی گورننگ باڈی کے اگلے ماہ ہونے والے اجلاس میں اس کی منظوری دی جائے گی۔ جس کے بعد ان کھلاڑیوں پر مکمل پابندی لگ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی یہ سخت قدم اس وجہ سے بھی اٹھا رہی ہے کہ اگلے سال ہونے والی انڈین لیگ میں شرکت کیلئے مزید کھلاڑیوں کو روکا جاسکے۔پابندی کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں میں انضمام الحق، عبدالرزاق، عمران فرحت، شبیر احمد، اظہر محمود اور توفیق عمر شامل ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں کو گزشتہ روز شروع ہونے والی قائداعظم ٹرافی کیلئے کسی بھی ٹیم نے نہیں کھلایا۔ تاہم پی سی بی نے ان کے ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے کی سرکاری طور پر تصدیق کردی ہے پی سی بی ترجمان احسان ملک نے کہ انڈین کرکٹ لیگ کھیلنے والے کرکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کا حق نہیںرکھتے۔ ان کو انڈین لیگ میں شرکت سے پہلے یہ وارننگ دی گئی تھی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کی پلینگ کنڈیشن میں یہ شق شامل ہے کہ ایسا کھلاڑی جو ملک کے اندر یا باہر کسی غیرقانونی ٹورنا منٹ میں حصہ لے گا وہ پی سی بی کے کسی بھی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کا مجاز نہیں ہوگا۔