لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک 27-دسمبر2007) قومی سلیکشن کمیٹی نے سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے 30 کھلاڑیوں کی فہرست پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے کردی ہے۔ ان میں سے 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ سلیکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کئی کھلاڑیوں کے نام اس فہرست میں شامل کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 30 کھلاڑیوں کی فہرست میں نوجوان وکٹ کیپر سرفراز احمد، اوپنر آفاق رحیم، آل راؤنڈر فواد عالم، سہیل تنویر، بیٹسمین آصف ذاکر، نعمان اللہ، فاسٹ باؤلر سہیل خان، عبدالرؤف، محمد ارشاد اوپنرز خرم منظور قابل ذکر ہیں۔ بورڈ 20 کو سینٹرل کنٹریکٹ دے گا جبکہ دیگر دس کھلاڑیوں کو ماہانہ مشاہرہ دیا جائے گا۔ گزشتہ فہرست سے عبدالرزاق اور عمران فرحت نے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کردیاتھا۔