اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک31-دسمبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق مطابق شعیب اختر کی بھارت میں کرکٹ کے علاوہ مصروفیات کو ڈسپلن کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے پی سی بی نے شعیب اختر سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ پی سی بی کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی کے حوالے سے جو معاملات نوٹس میں آئے ہیں ا ن میں قومی ٹیم کے ساتھ وطن واپس نہ آنا ، پی سی بی کی اجازت کے بغیر بھارت میں قیام ، دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں ان فٹ ہونے کے باوجود ٹیم میں شامل ہونے کے لئے غلط بیانی کرنا ، اجازت کے بغیر شوبز سرگرمیوں اور ٹی وی شوز میں شرکت اور میڈیا کوانٹرویوز دینا شامل ہیں ۔اس حوالے سے انہیں باقاعدہ نوٹس جاری کرنے بعد وضاحت طلب کی جائے گی ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین ڈاکٹر نسیم اشرف کے مطابق مینجر کی جانب سے رپورٹ مل گئی ہے جس میں شعیب اخترکی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کا بھی ذکر ہے ۔کوچ جیف لاسن سے بھی رائے طلب کی گئی ہے تاہم انکی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ۔