سڈنی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک31-دسمبر2007) پاکستان کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد پاکستان میں ایک بار پھر غیر ملکی ٹیموں کی آمدخطرے میں پڑگئی ہے مارچ اور فروری کے اوائل میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اس سانحہ کے بعد خطرے کا شکار ہوگیا ہے جس کے تناظر میں آسٹریلیا کے آل راؤنڈر اینڈریو سائمنڈز نے آئندہ مارچ میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے پاکستانی ٹور میں ٹیم میں اپنی شمولیت پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو میں اینڈریو سائمنڈز کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سابق وزیراعظم نے بے نظیر بھٹو کی مو ت کے بعد اگر انہوں نے محسوس کیا کہ پاکستان محفوظ نہیں ہے تو وہ ملک کا دورہ کرنے سے گریز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مجوزہ دورئہ پاکستان کے حوالے سے ٹیم کے کھلاڑیوں میں خدشات جنم لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں خطرناک صورتحال میں جانے میں دلچسپی نہیں رکھتا جہاں لوگوں کو ہلاک و زخمی کیا جا رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ میرا پیشہ کرکٹ ہے اور میں اپنی کرکٹ کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہوں۔ میں اپنے ملک کے لئے کھیلنا پسند کرتا ہوں۔ تاہم میں خود کو ایسی صورتحال میں نہیں رکھ سکتا جہاں مجھے نقصان کا انديشہ ہو۔ تاہم اینڈریو سائمنڈز کا کہنا تھا کہ یہ ان کا حتمی فیصلہ نہیں ہے اور پاکستان میں حالات کا جائزہ لیں گے۔ آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے کپتان رکی پونٹنگ کی قیادت میں 10 مارچ سے پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس میں 3 ٹیسٹ میچز، 5 ایک روزہ اور ایک ٹونٹی ٹونٹی میچ ہوں گے۔ آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے 1998ء کے بعد سے اب تک پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔