اسلام آباد (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک31-دسمبر2007) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے کوچ جیف لاسن کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان آکر زمبابوے کی سیریز کی تیاریاں شروع کریں جبکہ سڈنی میں کرسمس اور نئے سال کی چھٹیاں گزارنے والے لاسن کا کہنا ہے کہ میں پاکستان میں بعض حکام کے مشورے کے بعد پاکستان جانے کا فیصلہ کروں گا۔ اطلاعات کے مطابق وہ موجودہ حالات میں پاکستان آنے کو تیار نہیں ہیں۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر آپریشنز ذاکر خان نے میڈیاے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ جیف لاسن 10 جنوری تک چھٹیوں پر ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ان کی ای میل ملی ہے جس میں انہوں نے سڈنی سے پاکستان کی صورتحال جاننے کی کوشش کی ہے تاہم ذاکر خان نے کہا کہ ہم نے جیف لاسن سے کہا ہے کہ وہ 10 جنوری سے پہلے پاکستان آئیں تاکہ زمبابوے کی ہوم سیریز کی تیاری شروع کی جاسکے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ وہ پاکستان آنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ذاکر خان نے کہا کہ ہم نے جیف لاسن کو کہا ہے کہ وہ قبل از وقت پاکستان آئیں تاکہ ہم انہیں بتا سکیں کہ زمبابوے کی سیریز کیلئے کیا کیا تیاریاں کرنا ہیں۔ جیف لاسن نے کہا کہ میں مقامی لوگوں سے مشورے کے بعد پاکستان آؤں گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر کو دو سال کیلئے قومی ٹیم کا کوچ مقرر کیا ہے۔