لاہور(اُردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک1-جنوری2008)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کا دورہ ہر صورت میں کرنا چاہیے اور ورلڈچیمپئن سائیڈ کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ۔سابق عالمی چیمپئن کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا نے مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے جو دو ماہ کے وقفے کے بعد ہے تب تک مجھے یقین ہے حالات معمول پر آچکے ہونگے ۔عمرا ن خان نے مزید کہا ہے آسٹریلوی کھلاڑیوں کو خواہ مخواہ خود پر پاکستان آنے کیلئے خوف طاری نہیں کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان کھیل کے حوالے سے ایک محفوظ ترین ملک ہے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر آسٹریلوی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو یہ کرکٹ اور کرکٹ شائقین کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہوگا۔