لاہور(اُردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک1-جنوری2008)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے ہوم سیریز بچانے کیلئے آسٹریلوی کرکٹرز سے خود رابطہ کرکے پاکستان آنے کی دعوت دینگے ۔شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کھیل کے لیے محفوظ ملک ہے اور آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنا چاہیے انہوں نے آسٹریلوی کرکٹرز پر زور دیا کہ انہیں پاکستان میں کسی قسم کا کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے ملک نے کہا کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ سیریز اپنے پروگرام کے مطابق کھیلی جائے۔شعیب ملک نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کھلاڑی ہوں اور سیاست پر بات نہیں کرنا چاہتا تاہم مجھے اس بات کا مکمل احساس ہے کہ پاکستان میں حالات کس وجہ سے خراب ہوئے ۔شعیب ملک نے کہا کہ جب بھارتی ٹیم طویل عرصے بعد پاکستان کے دورہ پر آئی تو بہت سی باتیں کی گئیں تاہم سب نے دیکھ لیا کہ پاکستان میں بھارتی کرکٹرز کو کوئی خطرہ محسوس نہ ہواشعیب ملک نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹرز کو پاکستانی شائقین سے تفریح کا موقع نہیں چھیننا چاہیے کیونکہ وہ جس بات کو جواز بنا کر آنے سے کترارہے ہیں وہ محض چند گھنٹوں کی بات تھی ملک نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ مارچ تک پاکستان میں تمام حالات معمول پر آجائیں گے۔