لاہور(اُردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک14-جنوری2008) قومی سلیکشن کمیٹی نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر اور فاسٹ باؤلر عمر گل کو زمبابوے کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز سے ڈراپ کر دیا ۔ شعیب اختر نے اپنی دستیابی سے سلیکشن کمیٹی کو آگاہ کر دیا تھا جبکہ عمر گل جو قومی ٹیم کے بھارتی ٹور میں انجری کا شکار ہو کر وطن واپس آ گئے تھے اور انہوں نے اپنے فٹ ہونے کی اطلاع سلیکشن کمیٹی کو دے دی تھی۔ بھارتی ٹور سے محروم رہنے والے فاسٹ باؤلر محمد آصف جن کی آسٹریلیا میں سرجری ہوئی تھی وہ مکمل فٹ نہیں ہو سکے اس لئے سلیکشن کمیٹی نے ان پر غور نہیں کیا۔ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین نے اس رائے کا اظہار کیا ہے کہ جب تک شعیب اختر اور عمر گل اپنی میچ فٹنس ظاہر نہیں کریں گے ان کو زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ روز کنڈیشننگ کیمپ کیلئے 21 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کا ٹور کرنے والے یاسر حمید، فیصل اقبال، محمد سمیع، شاہد آفریدی اور عبدالرحمن کوبھی کیمپ میں شامل نہیں کیا۔ کنڈیشننگ کیمپ کل سے لاہور میں شروع ہو گا جس میں 7 فاسٹ باؤلرز کو شامل کیا گیا ہے جبکہ کیمپ میں متعدد نئے کھلاڑیوں کے ساتھ کراچی کے بلے باز شاداب کبیر کو حیران کن طور پر شامل کر لیا گیا۔ انہوں نے وسیم اکرم کی قیادت میں 1996ء میں چٹاگانگ کے خلاف آخری ون ڈے کھیلا اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے تین ون ڈے میں پاکستان کی نمائندگی کی اور سکور کرنے سے قاصر رہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کیمپ میں دو آف سپنر طاہر خان اور سعید اجمل کو شامل کیا گیا ہے۔ سعید اجمل کی عمر 31 سال ہے۔ اعلان کردہ21 کھلاڑیوں میں شعیب ملک، سلمان بٹ، یونس خان، مصباح الحق، نوید لطیف، شاداب کبیر، خرم منظور، محمد یوسف، کامران اکمل، سلمان احمد، راؤ افتخار، سہیل تنویر، یاسر عرفات، منصور امجد، عبدالرؤف، رؤف اکبر، جنید ضیائ، وہاب ریاض، طاہر خان، انور علی اور سعید اجمل شامل ہیں۔