کراچی (اُردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک17-جنوری2008)پاکستان کے اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے اگر پاکستان کرکٹ بورڈ موجودہ صورتحال میں مجھے قیادت کی پیشکش کرتا ہے تو میں منع نہیں کروں گا، وہ بدھ کو ڈیفنس اسٹیڈیم میں اخبار نویسوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ 27 سالہ شاہد آفریدی نے کہا کہ دس گیارہ سال پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ ملک کی قیادت کرے میں ہر مشکل میں ملک کی خدمت کرنے کو تیار ہوں۔ مجھے پیٹرنز الیون کی قیادت سونپی گئی۔ قائد اعظم ٹرافی میں حبیب بینک کی کپتانی کی میرے لئے ملک کی خدمت کرنا اور قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا اولین ترجیح ہے۔ تاہم ہر کھلاڑی کی طرح میری بھی دلی خواہش ہے کہ کیریئر میں ایک بار پاکستان کی کپتانی ضرور کروں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اگر مجھے قیادت کی پیشکش کرتا ہے تو میں منع نہیں کروں گا۔ زندگی میں بہت سارے چیلنج قبول کئے ہیں یہ چیلنج بھی قبول کرنے کیلئے تیار ہوں۔ البتہ میرا اصل ہدف پاکستان ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانا ہے پاکستان کی جانب سے 26 ٹیسٹ اور 249 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والے شاہد آفریدی نے کہا کہ سہیل خان اچھا بولر ہے اگر وہ اپنے رن اپ کو بہتر بنائے تو اس کے پاس اسپیڈ موجود ہے وہ اچھا بولر بن کر ملک کی نمائندگی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کی دوسری اننگز میں گیند اسپین نہیں ہورہی تھی لیکن پرانی گیند پر ہمارے فاسٹ بولروں نے اچھی بولنگ کرتے ہوئے ٹیم کو وننگ پوزیشن میں پہنچادیا ہے۔ زمبابوے کی ٹیم ون ڈے کی بہتر ٹیم ہے اس لئے اسے چار روزہ کرکٹ میں مشکل پیش آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر جمشید کے ٹخنے کی چوٹ سیریس لگتی ہے لیکن ناصر جمشید کا کہنا ہے کہ وہ جلد فٹ ہوجائے گا۔