کینڈی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) سری لنکن باؤلر مرلی دھرن نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ ریکارڈ توڑنے کيلئے بے چین ہیں اور مزید نو وکٹیں لے کر شین وارن کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ ریکارڈ توڑنے کيلئے بہت محنت کی ہے اگر چہ شین وارن ان کے قریبی دوست ہیں تاہم وہ ان کا ریکارڈ توڑ کر خوشی محسوس کریں گے کیونکہ ریکارڈ کا دور تیز ترین ہے اور کوئی اور میرا بھی ریکارڈ توڑ ديگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ ٹیم کی جیت کيلئے کوشش کی اور میچ میں میری تمام تر توجہ ٹیم کو میچ جتوانے پر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کا بے حد مشکور ہوں کہ انہوں نے میری رہنمائی کی اور خاص کر سابقہ کھلاڑیوں نے میری باؤلنگ پر توجہ دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔