لاہور (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ 20 اوورورلڈ کپ سے پہلے کوچ جیف لاسن کے ساتھ کیمپ ضروری ہوگیا ہے تاکہ ہم ایک دوسرے کو سمجھ سکیں اور ایک دوسرے کے مزاج سے شناسائی ہو۔ دوسرے مرحلے کے کیمپ کے اختتام پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رکی پونٹنگ اس طرز کی کرکٹ کو آسان سمجھتے ہونگے لیکن میں اسے سنجیدگی سے دیکھ رہا ہوں۔ کرکٹ کسی بھی طرز کی ہو اس میں دباؤ ہوتا ہے۔ پہلے اور دوسرے مرحلے کے کیمپ میں فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی ہے جسکے نتیجے میں معیار کافی بہتر ہوا ہے۔ اب کراچی کے قومی کیمپ میں میچز کھیل کر کھلاڑیوں کو اس طرز کی کرکٹ کھیلنے کا موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں پاکستانی ٹیم کو اب افتتاحی جوڑی کا مسئلہ نہیں رہا ہے۔ ابوظہبی سیریز میں بھی افتتاحی کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہمارا بڑا مسئلہ فٹنس کا تھا جو اب حل ہوچکا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ابھی ٹیم بنانے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کراچی میں ہونيوالے پریکٹس میچوں کے بعد ہی حتمی ٹیم چنی جائيگی اور اس بات کا فیصلہ ہوگا کہ کون سا کھلاڑی کس پوزیشن پر کھیلے گا