لندن (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) بارش نے بھارت کو یقینی شکست سے بچالیا، اس طرح انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونيوالا پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا۔ بھارتی ٹیم380 رنز کے تعاقب میں 282 رنز پر9وکٹیں گنوا بیٹھی تھی کہ بارش اور خراب روشنی کی وجہ سے میچ بند ہوگیا اور تقریباًاڑھائی گھنٹے کے بعدامپائرز نے میچ ختم کرنيکا اعلان کر دیا۔ کھیل کے آخری روز بھارتی ٹیم ني3 وکٹوں کے عوض137 رنز پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو وہ جیت کے ہدف سے243 رنز دور تھی، جب ٹیم کا مجموعی سکور 143تھا تو گنگولی40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انکی جگہ لکشمن کھیلنے آئے تو دوسری طرف ذمہ داری سے بیٹنگ کرنيوالے کارتک60 رنز کی مضبوط اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ انہوں نے چوکے لگائے، انکی جگہ وکٹ کیپر دھونی کھیلنے کيلئے آئے، لکشمن39رنز بنا سکے۔ اس طرح بھارت کی7 وکٹیں247 رنز پر گر گئیں اور شکست کے سائے بھارت کے اوپر منڈلانے لگے۔ اس موقع پر دھونی نے بہت ہی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اینڈ کو سنبھالے رکھا۔ دوسری طرف ظہیر خان، کمبلے اور آر پی سنگھ بھی باری باری واپس لوٹ گئے ۔ دھونی اور سری سانتھ کریز پر موجود تھے کہ موسم خراب ہوگیا جس نے انگلینڈ کو جیت سے محروم کر دیا۔ ٹریملٹ نے3، سائیڈ بوٹم، اینڈرس اور پینی سار نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں۔ دھونی نے76 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔