لاہور(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین اور سابق کپتان انضمام الحق کوسلیکشن کمیٹی نے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے فوری بعد جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کیلئے لاہور قذافی سٹیڈیم میں لگائے جانیوالے فٹنس اور ٹریننگ کیمپ میں بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی چیف سلیکٹر نے واضح الفاظ میں کہا کہ ”انضمام الحق کو ہوم سیریز کیلئے کیمپ میں ہر صورت بلایا جائیگا“۔صلاح الدین صلو نے مزید کہا کہ انضمام الحق پاکستان کرکٹ ٹیم کے عظیم ترین بیٹسمین ہیں ان کو نظر انداز نہیں کیا سکتا۔چیف سلیکٹرنے اس امکان کی بھی ترید کی ہے کہ ٹونٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے محمد یوسف سمیت کسی سینئر کھلاڑی کو ڈراپ نہیں کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ بورڈ نے انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ میں مصروف چاروں کھلاڑیوں جن میں یونس خان ، دانش کنیریا، ذوالقرنین حیدر اور یاسرعرفات شامل ہیں کو ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل لاہور میں ہونے والے حتمی کیمپ میں بلانے پرغور کررہے ہیں تاکہ مضبوط سے مضبوط ٹیم تشکیل دی جاسکے۔چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ سابق کھلاڑیوں اور تجزیہ نگاروں کی جانب سے جیف لاسن پر تنقید بلاجواز ہے اور یہ تاثر غلط ہے کہ وہ بولر ہیں اور بیٹسمینوں کی خامیوں پر قابونہیں پاسکیں گے لیکن ایک بولر بھی دونوں طرز کے کھلاڑیوں کیلئے مفید کوچ ثابت ہوسکتا ہے جس کی کئی مثالیں موجود ہیں۔