لاہو (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) چیئرمین پی سی بی ڈاکٹر نسیم اشرف نے یقین دہانی کروائی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ جیف لاسن کو اپنی پالیسیاں لاگو کرنے میں مکمل آزادی ہو گی۔ اس میں کرکٹ بورڈ مداخلت نہیں کرے گا اور ان کو اپنا سٹاف چننے میں بھی آزادی حاصل ہو گی۔ ایک بھارتی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ جیف لاسن اپنی مرضی کا سٹاف مقرر کر سکیں گے۔ جن میں ٹرینر اور فزیو شامل ہیں ہو سکتا ہے کہ ان کو بیٹنگ اور باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا اختیار مل جائے۔ انہوں نے ان اطلاعات کو غلط قرار دیا کہ ہارون رشید کو بیٹنگ اور عاقب جاوید کو ٹیم کا باؤلنگ کوچ بنا دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا اب یہ تمام فیصلے کوچ جیف لاسن کے پاکستان آنے کے بعد ہوں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ نیو ساؤتھ ویلز میں پہلے سے طے شدہ ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پاکستان آنے میں تاخیر کر رہے ہیں۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیف لاسن کو پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی پہلے نمبر کی ٹیم بنانے کا ہدف دیا ہے۔ جاوید میانداد کو لاسن کے ہمر اہ بیٹنگ کوچ کے طور پر کام کرنے کی پیشکش سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیف لاسن کا بیان میری نظر سے نہیں گزرا۔ وہ اپنی مدد گار ٹیم کی تیاری میں پوری طرح با اختیار ہوں گے کیونکہ ہم ان سے نتائج چاہتے ہیں۔