کراچی(اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) قومی سلیکشن کمیٹی اور کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم میں تجربہ کار بیٹسمین محمد یوسف اور اسٹار آل راؤنڈر عبدالرزاق کے ناموں پر غور ہو گا اور دونوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا تاہم پی سی بی کے مصدقہ ذرائع کے مطابق لاہور میں ختم ہونے والے کیمپ کے اختتام تک محمد یوسف اور عبدالرزاق کے ناموں پر اتفاق رائے نہ ہو سکا کیونکہ دونوں کی ٹائی کراچی کے نوجوان آل راؤنڈر فواد عالم اور سرگودھا کے مڈل آرڈر بیسمین مصباح الحق سے ہے۔ فواد عالم نے گزشتہ سیزن کے دوران ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھا کر شہ سرخیوں میں جگہ حاصل کی تھی جبکہ مصباح الحق ٹوئنٹی 20کرکٹ کے ماہر تسلیم کئے جاتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمد یوسف اور عبدالرزاق کی قومی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ کراچی کے تربیتی کیمپ کے دوران کیا جائے گا تاہم محمد یوسف کی شمولیت کے امکانات بہت کم ہیں۔ ایک آپشن یہ بھی زیر غور ہے کہ محمد یوسف سے کہا جائے کہ وہ 20 اوورز کی کرکٹ سے دستبردار ہو جائیں تاکہ سینئر کھلای کی حیثیت سے ان کو باعزت راستہ فراہم کیا جائے۔ محمد یوسف سے اس بارے میں کپتان شعیب ملک بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ لینے والی پاکستانی ٹیم کا جو خاکہ تیار کیا ہے اس کے مطابق اوپنرز سلمان بٹ، عمران نذیر اور محمد حفیظ ہونگے۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں یونس خان، مصباح الحق، یاسر حمید شامل ہونگے آل راؤنڈر میں شعیب ملک، شاہد خان آفریدی، کامران اکمل (وکٹ کیپر)، عبدالرزاق کو شامل کئے جانے کا امکان ہے فاسٹ بولرز میں شعیب اختر، محمد آصف، عمر گل، راؤ افتخار انجم اور محمد سمیع شامل ہونگے۔ ایک تجویز یہ بھی زیر غور ہے کہ اگر محمد یوسف ٹورنامنٹ سے دستبردار نہیں ہوتے تو انہیں 15رکنی ٹیم میں رکھ کر انہیں کوئی میچ نہیں کھلایا جائے