کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) 20 اوور ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ کیلئے 27 کھلاڑیوں کے پیشاب کے نمونے حاصل کر لئے گئے۔ تین کھلاڑی یونس خان، دانش کنیریا اور یاسر عرفات انگلینڈ میں ہیں۔ انہوں نے تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کی۔ ڈوپ ٹیسٹ تنازع کے اہم کردار شعیب اختر اور محمد آصف نے بھی سیمپل جمع کروا دیئے۔ پاکستان میڈیکل کمشن کے ڈاکٹر سہیل سلیم نے اپنی نگرانی میں سیمپل لئے جو ٹیسٹ کیلئے ملائیشیا کی واڈا سے منظور شدہ لیبارٹری میں بھجوائے جائیں گے۔ بھارت میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈوپ ٹیسٹ کروائے تھے جن میں شعیب اختر اور محمد آصف کا نتیجہ مثبت نکلا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان دونوں کو چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ سے نکال لیا تھا بعد میں انہوں نے ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ ان کی بریت کے خلاف واڈا نے ثالثی عدالت میں اپیل کر دی تھی جو بعد میں خارج کر دی گئی۔