ناٹنگھم (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 7وکٹوں سے ہرا کر پہلی فتح سمیٹ لی اور سیریز میں 1-0 سے برتری حاصل کرلی۔ کھيل کے آخری روز بھارت کو جیت کيلئے 63رنز درکار تھے جبکہ اس کو 73رنز کا ٹارگٹ ملا تھا۔ بھارت نے تین وکٹیں گنوا کر ہدف حاصل کرلیا۔ آخری روز 21.1اوور کا کھیل ہوا۔ دنیش کارتھک اور وسیم جعفر نے بغیر نقصان کے 10سکور پر دوبارہ اننگز شروع کی تو دونوں کھلاڑی ٹیم کے سکور کو 47سکور پر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔ اس موقع پر انگلش باؤلر ٹریملٹ نے پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ انہوں نے وسیم جعفر کو پیٹرسن کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ ان کی جگہ کپتان ڈریوڈ کھيلنے آئے۔ وسیم جعفر نے 22رنز بنائے۔ دوسری طرف دنیش کارتھک بھی ٹریملٹ کی گیند کا نشانہ بن گئے۔ انہوں نے بھی 22رنز بنائے۔ ان کی جگہ ٹنڈولکر کھيلنے آئے۔ وہ 15گیندوں پر صرف ایک رنز بناسکے اور ٹریملٹ نے ان کا بھی شکار کرلیا تاہم گنگولی اور ڈریوڈ نے مزید وکٹ گنوائے بغیر ہدف حاصل کرلیا۔ ڈریوڈ 11 اور گنگولی 2رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ٹریملٹ نے صرف 12رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ باؤلر ظہیرخان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 9اگست سے اوول میں شروع ہوگا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 198، دوسری اننگز میں 355، بھارت نے پہلی اننگز میں 481 اور دوسری اننگز میں 3وکٹوں پر 73رنز بنائے۔ یہ بھارت کی انگلینڈ کی سرزمین پر 47ٹیسٹ میں 5ویں فتح ہے۔ ظہیرخان نے میچ میں 134رنز کے عوض 9وکٹیں حاصل کیں۔