سڈنی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ جیف لاسن نے پاکستانی معاشرے اور مقامی افراد کے مزاج کو سمجھنے کے لئے پاکستان اور اسلام کے متعلق کتابوں کا مطالعہ شروع کر رکھا ہے اور آج کل وہ ایئر لاپیڈ سی کی کتاب اے ہسٹری آف اسلامک سوسائٹیز کا مطالعہ کر رہے ہیں اور ان کا دعویٰ ہے کہ وہ پاکستان کو اس حوالے سے نہیں دیکھتے جس طرح مغرب دیکھ رہا ہے۔ میرا پاکستان کے بارے میں وژن واضح ہے اور میں پاکستانی سوسائٹی کے بارے میں مقامی لوگوں سے زیادہ واقفیت رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کو پاکستان جانے میں سیکیورٹی خدشات لاحق نہیں۔ میں بغیر کسی خوف و خطر پاکستان جا رہا ہوں جیسے میں نیو یارک، لندن یا استنبول میں ہوں۔ کرکٹ کے بارے میں انہوں نے پھر پرانے خیالات کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان دنیا کی نمبر وَن ٹیم بن سکتی ہے۔ یہی ان کا بڑا مقصد ہو گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کارکردگی کا فاصلہ زیادہ نہیں ہے اور وہ اپنی پہلی انٹرنیشنل کوچنگ میں پاکستان 20اوورز ورلڈکپ جتوائیں گے، وہ 20اگست کو پاکستان آئیں گے۔