کراچی (اردوپوائنٹ سپورٹس ڈیسک ) نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری قومی کرکٹ ٹیم کے کیمپ میں کھیلے گئے ایک اور 20 اوورز میچ میں پاکستان ٹائیگرز نے پاکستان پینتھرز کو 5وکٹوں سے شکست دی۔ پینتھرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پینتھرز نے 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز کا ٹارگٹ دیا جس میں عمران فرحت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر 8چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 71 رنز سکور کیے۔ خالد لطیف نے 3 چوکوں کی مدد سے 32، شاہد یوسف نے 22 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز جبکہ فواد عالم نے 10رنز اور سہیل تنویر نے 3 رنز بنائے۔ نجف شاہ نے 2 جبکہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹائیگرز نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد حفیظ نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 21 گیندوں پر 9 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز سکور کیے۔شاہد آفریدی 21 گیندوں پر 2 چوکے اور 3چھکوں کی مدد سے 39 جبکہ کپتان شعیب ملک 34 گیندو ں پر 5چوکوں کی مدد سے 40رنز بنا کر نا ٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان پینتھرز کی جانب سے فواد عالم نے 2 جبکہ عبدالرحمن اورمحمد آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یہ فاسٹ وکٹ پر ہونے والا پہلا پریکٹس میچ تھا۔ایسی وکٹوں پر مزید 3 میچز ہوںگے۔ ہفتے اور اتوار کی شب میچ فلڈ لائٹس میں کھیلے جائیں گے۔ ادھر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک نے کہا ہے کہ گرمی میں ڈی ہائیڈریشن اور چکر آنے کی وجہ سے شعیب اختر کی کارکردگی متاثرہوئی وہ آج بھی میچ ونر باؤلر ہیں۔انہیں اس وقت سپورٹ کی ضرورت ہے۔